شام میں زلزلے کی وجہ سے تقریباً 50 لاکھ لوگ بےگھر ہوئے ہیں: اقوام متحدہ

اقوامی متحدہ نے خدشہ ظاہر کیا ہےکہ  شام میں  آنے  والے  زلزلے کے باعث تقریباً 50 لاکھ لوگ بےگھر ہوئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق شام میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین(یو این ایچ سی آر) کے نمائندےکا کہنا ہےکہ شام میں تقریباً 50 لاکھ کے قریب  افراد زلزلے سے بے گھر ہو گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں لوگ پہلے ہی بڑے پیمانے پر نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں، اس لیے یہ ایک بہت بڑی تعداد ہے۔

انہوں نے کہا کہ شام میں ایک کے بعد ایک بحران آرہے ہیں، ہمیں پہلے ہی معاشی مشکلات کا سامنا ہے اور کورونا کے بعد پھر اب شدید سردی کا بھی سامنا ہے۔

اقوام متحدہ کے نمائندے کی جانب سے مزید کہا گیا کہ شام کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امداد بھیجی جارہی ہے جس میں بہت زیادہ مشکلات درپیش ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکیہ اور شام میں پہلے ہی 24 ہزار اموات سامنے آچکی ہیں جن میں سے 3 ہزار سے زائد شام میں ہوئی ہیں۔