پیدل فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے نکلنے والا بھارتی شہری پاکستان پہنچ گیا

بھارت سے پیدل فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے نکلنے والا بھارتی شہری شہاب چھوٹور   بلآخر پاکستان پہنچ گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت سے تعلق رکھنے والے شہاب چھوٹور نے  2 جون 2022 کو ریاست کیرالہ کے شہر  مالا پورم سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا ۔

شہاب کو گزشتہ سال ستمبر میں پاکستان میں داخل ہونے سے روک دیا گیا تھا کیونکہ نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان پیدل سفر کرنے والے افراد کے لیے ٹرانزٹ ویزا کا کوئی معاہدہ نہیں لیکن شہاب  لاہور کا 2 روزہ ٹرانزٹ ویزا حاصل کرنے کے بعد اب پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی خدشات کے باعث شہاب کو لاہور سے تفتان جانے کی اجازت نہیں دی گئی تاہم اب  حکام نے انہیں لاہور ائیرپورٹ سے اگلی منزل تک جانے کی اجازت دیتے ہوئے دو روزہ ٹرانزٹ ویزا جاری کردیا۔

29 سالہ شہاب نے واہگہ اٹاری بارڈر سے پاکستان داخل ہوتے وقت کی ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی ہے۔

شہاب نے انسٹاگرام پوسٹ پر کیپشن درج کرتے ہوئے  لکھا کہ ’الحمدللہ پاکستان پہنچ گیا‘۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق ویزا کے انتظار کیلئے شہاب نے امرتسر کے ایک اسکول میں 4 ماہ قیام بھی کیا تاکہ وہ پاکستان کے راستے اپنے سفر جاری رکھ سکے۔

شہاب نے اب تک پیدل 3300 کلومیٹر کا سفر طے کیا ہے جس میں کیرالہ سے پنجاب تک  آنے والی  7 ریاستیں شامل ہیں۔