ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کرگئی

ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 300 سے بڑھ گئی ہیں، ملبے میں پھنسے زندہ افراد کو بچانےکے لیے ریسکیو ورکرز کی کوششیں جاری ہیں، زلزلے کے بعد سے اب تک 120 سے زائد آفٹر شاکس آچکے ہیں۔

شدید سردی اور بعض علاقوں میں برفباری کے باعث متاثرین کو کٹھن حالات کا سامنا ہے اور آفٹرشاکس کے باعث لوگ شدید خوفزدہ بھی ہیں۔

 امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق 7.8 شدت کے زلزلے کے بعد 7.6 شدت کا ایک اور زلزلہ آیا، جس نے مزید تباہی پھیلائی۔

ترکیہ اور شام  میں کم و بیش 5 ہزار 600 سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچا، زلزلے سے ترکیہ میں 2 ہزار 921  جب کہ شام میں ایک ہزار 420 افراد جان سےگئے، مجموعی طور پر 16ہزار سے زائد افراد  زخمی ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق پیرکی صبح 4 بجکر 17 منٹ پر آیا جب لوگ گہری نیند میں تھے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز ترکیہ سے جنوب میں غازی انتپ صوبے کے علاقے نرداگی میں تھا جب کہ زلزلے کی گہرائی 17.9 کلومیٹر تھی، اس صوبے کی آبادی تقریباً 20 لاکھ ہے اور یہ صوبہ شام کے قریب ہے جس کی وجہ سے شام میں بھی بڑے پیمانے پر تباہی مچی۔

ترک میڈیا کے مطابق زلزلے کے شدید ترین جھٹکے ایک منٹ تک محسوس کیے گئے، جھٹکوں کے باعث لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔

ترک صدر نے ترکیہ بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور  ملک بھر میں ایک ہفتے کے سوگ کا بھی اعلان کیا ہے، ترکیہ میں ایک ہفتے تک پرچم سرنگوں رہےگا،13 فروری تک اسکول بند کردیےگئے ہیں، غازی انتپ اور حاطے ائیرپورٹ پر سول پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔

زلزلے سے شام میں بھی تباہی

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی) کے مطابق زلزلے نے شام میں بھی شدید تباہی مچائی ہے جہاں عمارتیں گرنے سے سیکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

شامی حکام کے مطابق زلزلےکے جھٹکے شام کے صوبوں حما، حلب اور لتاکیہ میں محسوس کیےگئے، زلزلے کے باعث ایک ہزار 420 افراد جان سےگئے۔

 پاکستان سے امدادی سامان لےکر خصوصی طیارہ ترکیہ روانہ

وزیراعظم کی ہدایت پر امدادی سامان لے کر خصوصی طیارہ ترکیہ روانہ ہوگیا ہے، ترجمان این ڈی ایم اے کےمطابق سی ون تھرٹی طیارے میں پاک فوج کی سرچ اور ریسکیو ٹیم کے ہمراہ تین ٹن امدادی سامان بھی موجود ہے، آج صبح بھی ایک پرواز پندرہ ٹن امدادی سامان اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو لےکرترکی روانہ ہوئی ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی استنبول(ترکیہ) کے لیے روزانہ کی بنیاد پر پروازیں ہیں جوحکومتی امدادی اقدامات کے لیے ہمہ وقت دستیاب ہوں گی۔

ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے انتظامیہ نے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر ریلیف سامان کی ترسیل بھی بلامعاوضہ کردی ہے جس کے تحت پی آئی اے کی استنبول اور دمشق جانے والی تمام پروازوں پر ریلیف سامان کی ترسیل مفت ہے۔

ترجمان کے مطابق سامان این ڈی ایم اے کے ذریعے پی آئی اے کے کارگو ٹرمینل پر پہنچایا جاسکتا ہے،پی آئی اے وسیع تر قومی مفاد میں ہمیشہ اپنی خدمات پیش کرتا کرتا جوکہ ہمارا قومی فریضہ ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نےکہاہےکہ پاکستان اپنے برادر عوام اور حکومت کی ہر ممکن مددکرےگا۔ سندھ حکومت نے زلزلہ متاثرین کے لیے ایک لاکھ ٹینٹ ترکیہ بھیجنےکا فیصلہ کیا ہے۔