شاہد خاقان عباسی نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دیا یا نہیں؟

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدارت کےعہدے سےمستعفی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی نے ان سے راہیں جد کرلیں تو وہ گھر جانا پسند کریں گے۔ 

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما  اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نےجنگ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کے سینئر نائب صدر کےعہدے سےاستعفی دے دیا ہے۔

ایک میڈیا گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ انہوں ںے تین سال قبل نوازشریف پر واضح کردیا تھا کہ اگر مریم نواز کو پارٹی میں سینیئر عہدے پر لایا گیا تو ان کے لیے پارٹی میں رہنا ممکن نہیں ہوگا۔

شاہدخاقان نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی موقع پر پارٹی کے چیف آرگنائزر نہیں ہوں گے۔ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ آخری دم تک ساتھ رہوں گا لیکن اگر پارٹی نے راہیں جدا کرلیں تو گھر جانا پسند کروں گا۔

انہوں نے ملک کی بہتری کیلئے ’ری امیجننگ پاکستان‘ کے فورم سے پاکستان کی فلاح و بہبود کا پیغام پھیلانے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا ری امیجننگ پاکستان فورم کسی شخص یا پارٹی کیخلاف نہیں ہے، عوام کی ایک بڑی تعداد اس فورم میں شرکت کرتے ہیں اور اس کی سرگرمیوں کا حصہ بن رہے ہیں۔

دوسری جانب سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے ترجمان حافظ عثمان نے شاہد خاقان عباسی کے استعفے کی تردید کر دی ہے۔ ترجمان نے بیان دیا ہے کہ شاہد خاقان عباسی پارٹی کے سینئر نائب صدر ہیں استعفے کی خبر بے بنیاد ہے، مشکل حالات میں پارٹی نہیں چھوڑی آج کیوں چھوڑیں گے