وزیراعظم شہباز شریف اور عمران خان کی پشاور دھماکے کی مذمت
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کے حضور سربسجود مسلمانوں کا بہیمانہ قتل قرآن کی تعلیمات کے منافی ہے، اللہ کے گھر کو نشانہ بنانا ثبوت ہے کہ حملہ آوروں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
وزیراعظم نےکہا کہ دہشتگرد پاکستان کے دفاع کا فرض نبھانے والوں کونشانہ بناکرخوف پیدا کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے اور ناحق شہریوں کا خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم اور ادارے یکسو اور متحد ہیں، پوری قوم اپنے شہدا کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔
عمران خان کی مذمت
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میری دعائیں اور ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، دہشتگردی کے بڑھتے خطرے سے نمٹنے کے لیے لازم ہےکہ ہم اپنی انٹیلیجنس میں بہتری لائیں، پولیس کو مناسب انداز میں ضروری ساز و سامان سےلیس کریں۔