ٹوئٹر کے بعد فیس بک اور انسٹاگرام کا بھی ٹرمپ کے اکاؤنٹ بھی بحال کرنے کا فیصلہ
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کےبعد ان کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کو بھی بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق میٹا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے سوشل اکاؤنٹ فیس بک اور انسٹاگرام پر پابندی آنے والے ہفتوں میں ختم ہوجائے گی، یہ پابندی تقریباً 2 سال کے بعد ختم ہورہی ہے جس کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سوشل اکاؤنٹ بحال ہوجائیں گے۔
میٹا کے گلوبل افئیرز کے صدر نیک کلیگ نے کہا کہ ٹرمپ کے حامی اب یہ سننے کے قابل ہوں گے ان کے سیاسی رہنما کن خیالات کا اظہار کررہے ہیں۔
نیک گلیک کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے اکاؤنٹس کی بحالی کے جائزے سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ اب سابق امریکی صدر کے اکاؤنٹس عوامی تحفظ کے لیے کسی سنگین خطرے کی علامت نہیں ہیں۔
میٹا کے گلوبل افئیر کے صدر نے متنبے بھی کیا کہ ماضی کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے اب انہیں دوبارہ جرم کی صورت میں سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ سابق امریکی ڈونلڈ ٹرمپ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس 2021 میں ان کے دورِ صدارت کے آخری ایام میں امریکی پارلیمنٹ پر حملے کی حمایت کے بعد معطل کیے گئے تھے۔