الیکشن کی تاریخ کا معاملہ، الیکشن کمیشن نے گورنرز کو خط بھیج دیا
پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن کی تاریخ کا معاملے پر الیکشن کمیشن نے دونوں صوبوں کے گورنرز کو خط بھیج دیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب 9 سے 13 اپریل کے درمیان پولنگ کی تاریخ مقرر کریں۔
اس کے علاوہ گورنر کے پی کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 15 سے 17 اپریل کے درمیان خیبر پختونخوا میں پولنگ کی تاریخ مقرر کریں۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گورنر اسمبلی تحلیل ہونے کے 90 دن کے اندر الیکشن کے انعقاد کی تاریخ دینےکا پابند ہے، پنجاب اسمبلی کے 90 روز 14 جنوری سے شروع ہوتے ہیں، پنجاب اسمبلی کے لیے 13 اپریل کے بعد پولنگ کی تاریخ نہیں رکھی جا سکتی۔
عمر حمید کا مزید بتانا ہے کہ کے پی اسمبلی کے 90 روز 18 جنوری سے شروع ہوتے ہیں اور کے پی اسمبلی کے لیے 17 اپریل کے بعد پولنگ کی تاریخ نہیں رکھی جا سکتی۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کا یہ بھی کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو الیکشن پروگرام مکمل کرنے کے لیے 54 دن درکار ہیں۔
یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی 14 جنوری کو اور خیبر پختونخوا اسمبلی 18 جنوری کو تحلیل ہوئی تھی، دونوں صوبوں میں نگران وزیراعلیٰ تعینات ہیں، پنجاب میں محسن نقوی نگران وزیراعلیٰ ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں افضل خان کو نگران وزیراعلیٰ تعینات کیا گیا ہے۔