محسن نقوی پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ مقرر

الیکشن کمیشن نے پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کا فیصلہ کرلیا ہے اور محسن نقوی کو پنجاب کا نگران وزیراعلیٰ مقرر کیا گیا ہے۔ چیف الیکشن کمیشن کی زیر صدارت اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ کا فیصلہ ہوا۔

حکومت کی جانب سے احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے تجویز کیے گئے ہیں جبکہ اپوزیشن نے محسن رضا نقوی اور احد چیمہ کے نام دیے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے اجلاس میں ناموں پر غور کے بعد محسن نقوی کو نگران وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ کیا اور اس حوالے سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن کی جانب سے محسن نقوی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کرنے کے فیصلے کو مسترد کردیا۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ محسن نقوی جیسے متنازع شخص کو وزیراعلیٰ مقرر کرنے کا فیصلہ مسترد کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن نے کبھی مایوس نہیں کیا، اس نظام کے خلاف سڑکوں پر جدوجہد کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کارکنان تیاری کریں عمران خان کی قیادت میں بڑی مہم چلائیں گے۔