خود کو شاہی خاندان کا ملازم بتاکر فراڈیے نے بھارتی ہوٹل کو 23 لاکھ کا چونا لگادیا

بھارت میں ایک جعل ساز لگژری ہوٹل کو 23 لاکھ روپے کا چونا لگاگیا۔ بھارتی میڈیا کےمطابق ایک شخص نے چند ماہ پہلےنئی دہلی کے ایک لگژری ہوٹل میں کمرہ لیا اور اس نے خود کو ابو ظبی کی رائل فیملی کا ملازم ظاہر کیا اور چند ماہ تک ہوٹل میں قیام پذیر رہا۔

بھارتی میڈیا کےمطابق جعل ساز شخص کی ہوٹل میں رہائش اور دیگر اخراجات کی مد میں 23 لاکھ روپے کا بل بنا جو وہ ادا کیے بغیر رفو چکر ہوگیا۔

پولیس کے مطابق جعل ساز شخص کی شناخت محمد شریف کے نام سے ہوئی ہے جس کے خلاف ہوٹل انتظامیہ نے فراڈ کا مقدمہ درج کرایا ہے، محمد شریف نے یکم اگست کو لیلا پیلس میں روم نمبر 427 لیا اور 20 نومبر کو خاموشی سے چلا گیا جب کہ ملزم نے ہوٹل سے کراکری سمیت مختلف اشیا بھی چرائیں۔

پولیس کا کہنا ہےکہ محمد شریف نے ہوٹل انتظامیہ کو بتایا کہ وہ متحدہ عرب امارات کا رہائشی ہے اور اس کا وہاں ذاتی کاروبار ہے جب کہ وہ ابو ظبی کی شاہی فیملی کا ذاتی ملازم ہے جب کہ ملزم نے اپنا یو اے ای کا رہائشی کارڈ اور دیگر دستاویزات بھی ہوٹل انتظامیہ کو دکھائیں۔

پولیس کے مطابق ملزم کی تلاش جاری ہے اور اس کی فراہم کردہ دستاویزات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔