یوٹیوب میں جلد ٹی وی چینلز مفت اسٹریم کرنا ہوگا ممکن

یوٹیوب کی جانب سے اشتہارات پر مبنی ٹی وی چینل اسٹریمنگ کی سروس کی آزمائش کی جارہی ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق یوٹیوب کی جانب سے میڈیا کمپنیوں سے بات چیت کی جارہی ہے تاکہ ان کے ٹی وی چینلز کے شوز اور فلمیں مفت اسٹریم کیے جاسکیں۔

یوٹیوب کے مطابق اس سروس کی آزمائش صارفین کی محدود صارفین پر کی جارہی ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ ہم ہمیشہ اپنے ناظرین کو مواد تک رسائی کے نئے ذرائع فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

اس سروس کا حصہ بننے والی میڈیا کمپنیوں کو بھی اشتہارات کے ذریعے ہونے والی آمدنی میں سے حصہ دیا جائے گا۔

یوٹیوب میں پہلے سے اشتہارات پر مبنی فلمیں موجود ہیں مگر یہ اس نئی سروس سے صارفین کو زیادہ بڑے پیمانے پر مفت فلموں اور شوز تک رسائی مل سکے گی۔

اس سے قبل نومبر 2022 میں یوٹیوب نے ایک فیچر پرائم ٹائم چینلز متعارف کرایا گیا تھا، جس سے 30 بڑی اسٹریمنگ سروسز کے شوز اور فلموں کو گوگل کی زیرملکیت ویڈیو شیئرنگ سروس میں دیکھنا ممکن ہوگیا تھا۔

اس فیچر کے لیے یوٹیوب کے ساتھ 35 اسٹریمنگ سروسز نے شراکت داری کی تھی اور ہر سروس کسی یوٹیوب چینل کی طرح ہی کام کرے گی۔

یعنی ان کے چینل کے ہوم پیج پر فلمیں اور ٹی وی سیکشن یوٹیوب ایپ میں نظر آئیں گے جبکہ سرچ رزلٹ یا دیگر ذرائع سے بھی مواد تک رسائی ممکن ہوگی۔

اگر آپ اس سروس کے سبسکرائبر ہوں گے تو ویڈیوز میں واچ ناؤ کا بٹن ہوگا جبکہ سبسکرائبر نہ ہونے پر ‘پے ٹو واچ’ کا آپشن نظر آئے گا۔

اس سروس کا آغاز یکم نومبر سے امریکا میں کیا گیا تھا۔