پٹرول بحران دوبارہ پیدا ہونے کا خدشہ، آئل کمپنیز نے حکومت کو خط لکھ دیا
اسلام آباد: ملک میں دوبارہ تیل کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے ملک میں تیل کے بحران کی گھنٹی بجا دی، او سی اے سی نے معاملے کی حساسیت پر حکومت کو خط لکھ دیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ بروقت ایل سیز نہ کھلنے سے ملک میں تیل کے بحران کا خدشہ ہے، بروقت ایل سیز کو یقینی بنانے کے لئے وزیر خزانہ اور وزیر پٹرولیم کردار ادا کریں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بینکوں کی جانب سے ایل سیز نہ کھلنے سے کچھ آئل کارگوز منسوخ ہوچکے ہیں اور ایل سیز نہ کھلنے سے تیل کی سپلائی میں تعطل پیدا ہو رہا ہے جسے فوری طور پر ختم کرنا ناگزیر ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے لئے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر مالیت کا تیل درآمد کیا جاتا ہے، ملک میں ماہانہ 4 لاکھ 30 ہزار میٹرک ٹن پٹرول 2 لاکھ میٹرک ٹن ڈیزل درآمد کیا جاتا ہے، ایک مرتبہ سپلائی چین متاثر ہونے کے بعد بحالی میں 6 سے 8 ہفتے لگیں گے۔