شوق کا کوئی مول نہیں، ٹریفک وارڈن مسٹر لاہور بن گیا

کہتے ہیں کہ شوق کا کوئی مول نہیں ہوتا اور اگر لگن اور جستجو ہو تو انسان اپنی روز مرہ کی مصروفیات میں سے وقت نکال پر اپنے مقصد میں کامیابی حاصل کر لیتا ہے۔

ایسے ہی ایک شخص کے بارے میں ہم آپ کو آج بتانے جا رہے ہیں، جی ہاں یہ ہیں ٹریفک وارڈن وسیم ارشد جو دن بھر سڑکوں پر ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے بعد شام میں اپنے لیے وقت نکال کر جم میں باڈی بلڈنگ کرتے ہیں۔

باڈی بلڈنگ میں آگے بڑھنے کے لگن اور جستجو دن بھر کی تھکن کے باوجود وسیم ارشد کو جم میں بھرپور طریقے سے ایکسر سائز کرنے سے نہ روک پائی۔

مسٹر لاہور کے 2022 کے مقابلے میں رنر اپ رہنے والے ٹریفک وارڈن وسیم ارشد نے محنت جاری رکھی اور مسٹر لاہور 2023 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

ڈی پی او ڈاکٹر اسد ملہی نے مسٹر لاہور 2023 کا ٹائٹل جیتنے والے ٹریفک وارڈن وسیم ارشد کو اپنے دفتر بلا کر انہیں شاباش دی اور تعریفی سرٹیفکیٹ بھی پیش کیا۔