پرویز الٰہی وزیراعلیٰ پنجاب برقرار، پنجاب اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا

چوہدری  پرویز الٰہی پنجاب اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے، انہوں نے 186ووٹ حاصل کیے، وہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کل پرویز الہٰی پر اعتماد کے ووٹ پر رائے شماری کیلئے پنجاب اسمبلی میں راتوں رات کارروائی شروع کی۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں کھانے کا وقفہ کیا گیا  جس کے بعد 11 جنوری کا اجلاس ختم کر کے اجلاس آج 12 بج کر 5 منٹ تک ملتوی کیا گیا تھا، تاہم کچھ دیر وقفے کے بعد اجلاس  دوبارہ  شروع ہوا۔

اجلاس دوبارہ شروع ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی پر اعتماد کے ووٹ کیلئے قرارداد پیش کی گئی ،راجہ بشارت اور میاں اسلم اقبال نے اعتماد کے ووٹ کی قرارداد پیش کی جس کے بعد ووٹنگ کا عمل جاری رہا، ووٹنگ کی گنتی کے مطابق پرویز الٰہی نے 186ووٹ کا گولڈن فیگر حاصل کرلیا۔

بعد ازاں پنجاب اسمبلی کا اجلاس 23 جنوری دوپہر دو بجے تک کے لئے ملتوی کردیا گیا، اسپیکر اعتماد کے ووٹ کے نتائج کی کاپی گورنر اور عدالت کو بھیجیں گے۔

اس سے قبل ایوان میں حاضری رجسٹرز کے مطابق پی ٹی آئی اور ق لیگ کے181 ارکان نے حاضری لگائی تھی۔

 اعتماد کے ووٹ کے لیے اسمبلی کی کارروائی رات گئے شروع  اور ایجنڈا جاری ہونے پر اپوزیشن ارکان نے  احتجاج کرتے ہوئے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر ہوا میں اڑادیں اور  اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔

ایوان میں اپوزیشن کی جانب سے ڈاکو ڈاکو کے نعرے لگائے گئے  جس کے بعد ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ارکان پنجاب اسمبلی ایوان سے باہر چلے گئے۔