ہیکرز نے 20 کروڑ سے زائد ٹوئٹر صارفین کے ای میل ایڈریس لیک کردیے

ہیکرز نے ٹوئٹر کے 20 کروڑ سے زیادہ صارفین کے ای میل ایڈریسز چوری کرکے ایک آن لائن فورم پر پوسٹ کردیے ہیں۔

یہ دعویٰ ایک سکیورٹی محقق نے کیا۔

سائبر سکیورٹی کمپنی ہڈسن راک سے تعلق رکھنے والے ایلن گال نے بتایا کہ ای میل ایڈریسز کے ڈیٹا کو ہیکنگ اور دیگر مقاصد کے لیے استعمال کیے جانے کا خطرہ ہے۔

ٹوئٹر کی جانب سے اس حوالے سے ابھی کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا اور یہ واضح نہیں کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے اس مسئلے پر کیا اقدامات کیے ہیں۔

ہیکنگ آن لائن فورم پر موجود اس ڈیٹا کے اسکرین شاٹ آن لائن سائٹس پر گردش کررہے ہیں۔

یہ ڈیٹا حاصل کرنے والے ہیکرز کی شناخت ابھی نہیں ہوسکی ہے اور محقق کے مطابق ممکنہ طور پر اسے 2021 میں چوری کیا گیا تھا۔

اس لیک کے بارے میں رپورٹس دسمبر سے سامنے آرہی تھیں اور کچھ رپورٹس میں بتایا گیا کہ 40 کروڑ ای میل ایڈریسز اور فون نمبر چوری کیے گئے ہیں۔