خیبر پختونخوا میں طالبان کو پیسہ دیا جارہا ہے: وزیر خارجہ بلاول بھٹو
دادو: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ خیبر پختونخوا میں طالبان کو پیسہ دیا جارہا ہے جب کہ عمران خان نے ٹی وی پر بیان دیا کہ ہم نے طالبان کو یہاں لاکر بسایا۔
دادو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں یہ سیلاب بہت تاریخی تھا اور آج تک سیلاب متاثرین مشکل میں ہیں، اقوام متحدہ سے لے کر شرم الشیخ تک پوری دنیا کہہ رہی ہے کہ پاکسان سیلاب میں ڈوب گیا، دنیا نے ابھی تک دیکھا نہیں،کہیں مثال نہیں ہے کہ ایک تہائی ملک ڈوب گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ قیامت سے پہلے قیامت ہے، ہم اس قدرتی آفت سے گزر رہے ہیں، سندھ اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں اب بھی پانی موجود ہے، جہاں سے پانی نکل چکا ہے وہاں پر تباہی ہی تباہی ہے، زراعت اور گھروں سمیت ہر شعبے میں بحران پیدا ہوگیا ہے، صحت کا انفرا اسٹرکچر بری طرح تباہ ہوا ہے، صرف سندھ میں ہی نہیں باقی علاقوں میں بھی تعلیم کو نقصان ہوا ہے لیکن صرف سندھ میں 50 فیصد تعلیمی ادارے تباہ ہیں، وسائل کم ہیں، سیلاب سے بحالی کا مشن پورا کرنے میں وقت لگے گا۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ کاکہنا تھاکہ خیبر پختونخوا میں طالبان کو پیسہ دیا جارہا ہے، عمران خان نے ٹی وی پر بیان دیا کہ ہم نے طالبان کو یہاں لاکر بسایا، دہشتگردوں سے جیتنے کے بعد اے پی ایس سانحہ میں ملوث لوگوں کو بغیر پوچھے آزاد کیا گیا، دہشتگردوں کو نہ میں معاف کروں گا نہ قوم معاف کرے گی۔
بلاول بھٹو نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک تہائی ملک ڈوبا لیکن عمران خان اپنی انا اور ضد سے باز نہ آئے، ایسا شخص عوام کی نمائندگی کا اہل نہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ شاہ محمود،اور پرویز خٹک جیسے لوگ بھی استعفوں کی تصدیق کے لیے نہیں آئے، باقی کیا آئیں گے، ایسے لوگوں کی فہرست بتا سکتا ہوں جو اسپیکر کے پاؤں پکڑے ہوئے ہیں۔