ایم کیو ایم کی ڈیمانڈز پوری کردیں، ہم صرف محبت کی زبان سمجھتے ہیں: شرجیل میمن

حیدرآباد: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن  نے کہا ہےکہ ایم کیو ایم کی جائز ڈیمانڈ پوری کردیں ان کے خدمات بھی دور کریں گے۔

حیدرآباد میں میڈیا سےگفتگو میں شرجیل میمن نے کہا کہ حلقہ بندیاں الیکشن کمیشن کرتا ہے اور حکومت پروپوزل بناتی ہے جب کہ ایم کیو ایم کی جتنی بھی جائز ڈیمانڈز ہیں اسے سندھ حکومت نے پورا کیا ہے، ایم کیو ایم کے اگر آج بھی کچھ خدشات ہیں تو دور کرنےکی کوشش کریں گے، پیپلز پارٹی صرف محبت کی زبان سمجھتی ہے اور کوئی زبان نہیں سمجھتی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے بلاول بھٹو کے خلاف جھوٹ بولے، ہم نے پی ٹی آئی کےکسی ایم این اےاور ایم پی اے سےرابطہ نہیں کیا، فواد چوہدری کو جھوٹے الزامات پر قانونی نوٹس بھیج رہا ہوں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں سب سےزیادہ صدارتی آرڈیننس آئے اور صدارتی آرڈیننس تب آتے ہیں جب نمبر پورے نہیں ہوتے، پی ٹی آئی کے پاس نمبر پورے نہیں ہوتے تھے اور بل پاس ہو جاتے تھے۔