‘شاہد جارحانہ فیصلوں کی اہلیت رکھتے ہیں انہیں سلیکشن کمیٹی میں لانے کی ضرورت تھی‘
اسلام آباد: پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی جارحانہ فیصلے کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں نجم سیٹھی نے کہا کہ شاہد آفریدی جیسے کھلاڑی کو ہمیں سلیکشن کمیٹی میں شامل کرنے کی ضرورت تھی کیونکہ وہ جارحانہ فیصلے کرنے کی اہلیت رکھتےہیں۔
چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نے عبوری چیف سلیکٹر کی خوبیوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شاہد آفریدی نئے ٹیلنٹ کو موقع دینے جیسے جارحانہ فیصلے کرسکتے ہیں، وہ ٹیسٹ کرکٹ میں تبدیلیاں چاہتے تھے، پاکستان اب ہار یا جیت کی سوچ سے باہر نکل کر معیاری ٹیسٹ کرکٹ کھیلےگا۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان کی وائٹ بال فارمیٹس کی ٹیم پی ایس ایل کی وجہ سے اچھی ہے تاہم پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ گزشتہ 4 سال سے تنزلی کا شکار رہی ہے، ماضی کے ڈومیسٹک اسٹرکچر کو ختم کردیا گیا جس سے ٹیسٹ کرکٹرز ملتے تھے۔
چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی ٹیسٹ کرکٹ میں گھاس والی پچ بنانے کے حامی ہیں، ماضی کے پی سی بی اعلیٰ عہدیداران نے ٹیسٹ کرکٹ میں غیرمعیاری پچز بنوائیں وہ ٹیسٹ میچ ڈرا کے لیے کھیلنا چاہتےتھے لیکن انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف ڈرا کرنے کی سوچ کے باوجود ہم نے شکست کھالی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شائقین کرکٹ کو ہار یا جیت سے کوئی غرض نہیں، شائقین معیاری ٹیسٹ کرکٹ دیکھنا چاہتےہیں۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی سی بی میں عمران خان کےلائےہوئے2019 کےآئین نےعدم استحکام پیدا کردیا،پی سی بی2019 کے آئین میں ایک بھی منتخب شدہ بورڈ آف گورنرزکا ممبر نہیں،عمران خان کہتے تھے وزیراعظم کو پی سی بی کا چیئرمین منتخب کرنےکا اختیارنہیں ہوناچاہیے۔
نجم سیٹھی نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نےوزیراعظم بننےکےبعد سب سے پہلا کام پی سی بی کا چیئرمین منتخب کیا،عمران خان نے بطور وزیراعظم پی سی بی میں دو چیئرمین منتخب کیے،عمران خان نے رمیزراجا اور احسان مانی کو چیئرمین پی سی بی منتخب کیا،عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا۔
انھوں نے کہا کہ پی سی بی کا 2014 کا آئین بنانےکےلیےاسلام آباد ہائیکورٹ نےحکم جاری کیاتھا،نوازشریف نےہائیکورٹ کےحکم کےمطابق آئین تشکیل دینے کیلئے کمیٹی بنائی، پی سی بی کے2014 کےآئین کو سپریم کورٹ،آئی سی سی سےمنظورکرایاگیا،2014 کےآئین کےمطابق بورڈآف گورنرزمیں وزیراعظم کی 2 اور آئین کے بورڈآف گورنرز میں8آزادحیثیت کی نامزدگیاں ہوتی ہیں، تاہم عمران خان نے وزیر اعظم بننے کے بعد پی سی بی2014 کےآئین کو ختم کردیا،عمران خان نےپاکستان کرکٹ میں آسٹریلوی طرز کا ڈومیسٹک سسٹم لانا چاہا۔