پاکستان جونیئر لیگ ختم کرنے کے فیصلے پر رمیز راجا کا ردعمل آگیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین رمیز راجا پاکستان جونیئر لیگ کو ختم کرنے کے فیصلے پر بول پڑے۔
گزشتہ روز نجم سیٹھی کی صدارت میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریجنل، ڈسٹرکٹ اور ڈپارٹمنٹل کرکٹ بحال کردی جائے گی جبکہ پاکستان جونیئر لیگ کو ختم کردیا جائے گا۔
اب جونیئر لیگ کو شروع کروانے والے رمیز راجا نے اس فیصلے کے خلاف آواز اٹھائی ہے اور ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا ہے۔
رمیز راجا نے امریکا کے سابق باسکٹ بال پلیئر میجک جانسن کے الفاظ شیئر کیے کہ ‘تمام بچوں کو ذرا سی مدد اور امید کی ضرورت ہوتی ہے، ساتھ ہی انہیں کسی ایسے شخص کی ضرورت ہوتی ہے جو ان پر بھروسہ کرے’۔
سابق چیئرمین نے لکھا کہ ‘یہ افسوس کی بات ہے کہ پاکستان جونیئر لیگ انتقامی سیاست کی نذر ہوگئی اور اسے ختم کردیا گیا، یہاں تک کہ پی جے ایل کے 7 بچوں نے پی ایس ایل 8 کی ایمرجنگ کیٹیگری میں جگہ بنائی اور ان میں سے 3 پاکستان اور نیوزی لینڈ کی سیریز کے ریزرو کھلاڑیوں میں ہیں’۔