اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن نہ کروانے پر پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کو فارغ کرنے کا مطالبہ

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم میدان میں ہیں آؤ ہمارا مقابلہ کرو۔

اسد عمر نے اپنے بیان میں حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آؤ ہمارا مقابلہ کرو، ووٹرز تمہارا انتظار کر رہے ہیں۔

رہنما پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے بھی سوال کیا کہ آپ کی تیاری کیوں نہیں تھی؟ الیکشن کمیشن کا یہ کہنے کا جواز کیسے بنتا ہےکہ وہ تیار نہیں تھے، عدالت کو الیکشن کمیشن کو فارغ کرنا چاہیے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میں ووٹر پولنگ اسٹیشن کے باہر کھڑے ہیں لیکن عدالت کے واضح احکامات کے باوجود انتخابات روک دیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا حکومت ووٹ سے خوفزدہ ہے، کٹھ پتلی الیکشن کمشنر سے مل کر عوام اور آئین کا مذاق اڑا رہی ہے، عدالت سے مطالبہ ہے کہ اپنے فیصلے پر عملدرآمد کرائے اور توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ شیریں مزاری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانبداری پر ذرا بھی شبہ تھا تو وہ بےنقاب ہو گیا، ای سی پی نے عدالتی حکم کے باوجود آج بلدیاتی الیکشن کی اجازت نہ دے کر توہین عدالت کی، الیکشن کے انعقاد پر سیاست کھیلنے پر الیکشن کمیشن پاکستان کو فوراً مستعفی ہو جانا چاہیے۔