منظور وسان کی طرح روس کی قومی سلامتی کے نائب سربراہ کو خواب آنے لگے
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان کی طرح روس کی قومی سلامتی کے نائب سربراہ کو خواب آنے لگے۔ منظور وسان کی طرح روس کی قومی سلامتی کونسل کے نائب سربراہ دیمتری میدودیف نے بھی کچھ پیشگوئیاں کردیں۔
روس کی قومی سلامتی کونسل کے نائب سربراہ دیمتری میدودیف نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سال نو پر ہر شخص مفروضے پیش کرتا ہے،کیوں نہ میں بھی ان میں شامل ہوجاؤں۔ دیمتری میدودیف کی جانب سے 10 پیشگوئیاں کی گئیں ہیں۔
روس کی قومی سلامتی کونسل کے نائب سربراہ کا کہنا ہے کہ اگلے برس پیٹرول کی قیمتیں 150 ڈالر فی بیرل تک بڑھ جائیں گی اور گیس کی قیمت 5 ہزارڈالر فی ایک ہزار کیوبک میٹر ہو جائے گی۔
دیمتری میدودیف کے مطابق برطانیہ ایک بار پھر یورپی یونین کا حصہ بن جائےگا اور شمالی آئرلینڈ آزادی حاصل کر کے آئرلینڈ کا حصہ بن جائے گا۔
اس کے علاوہ یوکرین کے مغربی علاقوں پر پولینڈ،ہنگری قابض ہو جائیں گے جبکہ جرمنی پر دائیں بازو کے انتہا پسند حکمرانی حاصل کر لیں گے۔
دیمتری میدودیف نے پیش گوئی کی کہ جرمنی اور فرانس کی جنگ ہوگی،یورپ تقسیم ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ روس کی قومی سلامتی کونسل کے نائب سربراہ نے امریکا میں خانہ جنگی کی پیشگوئی بھی کردی۔
ان کے مطابق امریکی ریاستیں کیلیفورنیا اور ٹیکساس آزاد ممالک بن جائیں گی جبکہ ایلون مسک امریکا کے صدر بننے میں کامیاب ہو جائیں گے اور یورو اور ڈالر کو عالمی سطح پر مسترد کر دیا جائے گا۔