عمران خان پر حملہ کرنیوالے ایک سے زائد افراد تھے، حملہ آور کو باقاعدہ تربیت دی گئی: عمر چیمہ
مشیر داخلہ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر سرفراز چیمہ نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان پر حملہ کرنے والے ملزم کو باقاعدہ تربیت دی گئی تھی۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا ملزم نوید تربیت یافتہ حملہ آور ہے اور عمران خان پر حملے کے وقت ایک سے زیادہ شوٹر موجود تھے، کتنے حملہ آور موجود تھے تحقیقات میں جلد سامنے آ جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولی گرافک ٹیسٹ سے سامنے آگیا کہ جو ملزم کہتا رہا اس میں سچائی نہیں، اب تک کی تحقیقات میں ثابت ہو چکا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت عمران خان پر حملہ کیا گیا، پولی گرافک ٹیسٹ کے مطابق ملزم نے کچھ جھوٹ بولے، ملزم سے پوچھا گیا کہ آپ نے تربیت حاصل کی تو ٹیسٹ میں ریٹنگ مائنس میں تھی۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ لانگ مارچ روکنے کے لیے ہمیں دھمکیاں دی گئیں، حکومت کی طرف سے عمران خان پر حملے کی مذمت نہیں کی گئی، ن لیگ کے رہنما جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے، ہمارا مطالبہ ہے کہ جے آئی ٹی سے تعاون کیا جائے۔
مشیر داخلہ پنجاب نے مزید کہا کہ تحقیقات کے بعد ہی پتا چلا ہےکہ ملزم اکیلا نہیں تھا، ملزم نوید لاہور سے روانہ ہوا اور پانچ روز بعد وزیرآباد پہنچا، معظم کس کی گولی کا نشانہ بنا تحقیقات ہونا باقی ہے لیکن ایک بات تحقیقات میں سامنے آچکی کہ عمران خان کے گارڈ کی گولی سے ہلاکت نہیں ہوئی، فارنزک ٹیسٹ میں سکیورٹی گارڈز کا اسلحہ کلیئر ہو چکا ہے۔