بلوچستان میں فوجی جوانوں کی شہادت اندوہناک، قوم ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے کوہلو میں فوجی جوانوں کی شہادت کو اندوہناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم دفاع وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان میں کیپٹن سمیت 5 فوجی جوانوں کی شہادت اندوہناک واقعہ ہے، قوم دفاع وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے قوم اور سیکورٹی فورسز کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے سکیورٹی فورسز کے اہلکار جواں مردی کے ساتھ ملک کے دفاع کے لیے جانیں قربان کر رہے ہیں، قوم کو اتحاد اور اپنی بہادر سپاہ کے ساتھ یکجہتی کی ضرورت ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی بلوچستان میں فوجی افسر اور جوانوں کی شہادت پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ سرزمینِ وطن کی حفاظت کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں۔

وزیر داخلہ بلوچستان ضیااللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے مختلف واقعات ہوئے، دہشتگرد افغانستان سے دوبارہ منظم ہو کر واپس آگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کے حوالے سے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے، دہشتگردوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *