نئے فیچر سے اینڈرائیڈ فون کو انٹرنیٹ کے بغیر ڈھونڈنا ممکن ہوگیا

کیا آپ کا اسمارٹ فون گم ہوگیا ہے؟ اگر ہاں تو ایک نئے فیچر سے آپ اینڈرائیڈ فون کو انٹرنیٹ کے بغیر بھی آسانی سے ڈھونڈ سکیں گے۔ گوگل کی جانب سے بہت جلد فائنڈ مائی ڈیوائس نامی فیچر متعارف کرایا جائے گا جو آف لائن ہونے پر بھی ڈیوائس کو ٹریک کرسکے گا۔

ایک رپورٹ کے مطابق پلے سسٹم دسمبر 2022 کی حالیہ اپ ڈیٹ میں گوگل نے فائنڈ مائی ڈیوائس کے نئے فیچر کا اشارہ دیا ہے۔ خیال رہے کہ گوگل کافی عرصے پہلے ہی فائنڈ مائی ڈیوائس ایپ کو متعارف کراچکا ہے یہ سسٹم گمشدہ اینڈرائیڈ فون، ٹیبلیٹ یا اسمارٹ واچ کو تلاش کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

فائنڈ مائی ڈیوائس سے فون کو لاک یا اس کا ڈیٹا بھی ڈیلیٹ کیا جاسکتا ہے تاہم گمشدہ ڈیوائس کو تلاش کرنے کے لیے فون میں انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت ہوتی ہے۔ مگر اس نئے فیچر سے فائنڈ مائی ڈیوائس کی یہ خامی دور کردی جائے گی۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ فیچر کب تک صارفین کو دستیاب ہوسکے گا۔

ائنڈ مائی ڈیوائس کو کیسے استعمال کریں؟

اگر فون موجود نہیں تو ایپ کی جگہ آپ کمپیوٹر پر ویب براؤزر پر بھی فائنڈ مائی ڈیوائس کو استعمال کرسکتے ہیں۔ اس کے لیے پہلے android.com/find پر جائیں اور اپنے گوگل اکاؤنٹ سے لاگ ان ہوں جس پر آپ کے سامنے گوگل میپ جیسی ونڈو اوپن ہوجائے گی۔ اگر آپ کے پاس ایک سے زیادہ فونز ہیں تو بائیں جانب اوپر ان فونز کے آئیکون بنے نظر آئیں گے۔

ان میں سے گمشدہ فون پر کلک کرنے پر (اگر اس پر انٹرنیٹ کام کررہا ہوا تو) آپ کو علم ہوجائے گا کہ فون کہاں ہے۔ اگر سسٹم ڈیوائس کو تلاش نہیں کرپاتا تو وہ اس کی آخری لوکیشن کو شو کرے گا۔ وہی پر آپ کے سامنے فون کو لاک اور ڈیٹا ڈیلیٹ کرنے کے آپشن بھی آجائیں گے۔ اسی طرح آپ کے سامنے پلے ساؤنڈ کا آپشن بھی ہوگا جس پر کلک کرنے پر فون پورے 5 منٹ تک پوری آواز سے رنگ کرے گا چاہے وہ سائیلنٹ موڈ پر ہی کیوں نہ ہو۔