چین میں سونے کی کان بیٹھ گئی، کان کنوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری
چین میں سونے کی کان میں پھنسے 18 کان کنوں کو نکالنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے سنکیانگ صوبے میں سونے کا کان بیٹھنے سے کم از کم 40 افراد پھنس گئے تھے تاہم ریسکیو عملے نے 28 افراد کو بحفاظت نکال لیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ باقی پھنسے کان کنوں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
حالیہ برسوں میں کان کنی کے شعبہ میں حفاظتی اقدامات میں بہتری آئی ہے تاہم اب بھی کان کنی کے دوران کان بیٹھنے کے واقعات سامنے آتے ہیں۔ جس کی وجہ حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد نہ کرنا بتایا جاتا ہے۔
گزشتہ برس ستمبر میں صوبہ چنگہائی میں کوئلے کی کان بیٹھنے سے 19 مزدور پھنس گئے تھے۔ طویل ریسکیو آپریشن کے بعد کان کن مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ گزشتہ برس ہی کے دسمبر میں صوبہ ِشنشی میں 20 افراد کو کوئلے کے کان سے نکال لیا گیا تھا جبکہ دو افراد ہلاک ہوئے تھے۔