‘ آئی ایس آئی کوکرپشن اور منی لانڈرنگ کیخلاف استعمال کریں تو ہم اچھی گورننس دے سکتے ہیں’
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر آئی ایس آئی کو ہائی لیول کرپشن، منی لانڈرنگ، قبضہ گروپس اور اسمگلنگ کے خلاف استعمال کیا جائے تو ہم ایک اچھی گورننس دے سکتے ہیں۔
ایک انٹرویو میں چیئرمین تحریک انصاف نے ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے نئی تجاویز دیتے ہوئےکہا کہ عدلیہ اپنا کام کرے اور فوج کی منظم فورس کو مافیاز کے خلاف استعمال کیا جائے، پاکستان کو دلدل سے نکالنےکے لیے اس کے سوا کوئی اور طریقہ نہیں ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر آئی ایس آئی کو ہائی لیول کرپشن، منی لانڈرنگ، قبضہ گروپس اور اسمگلنگ کے خلاف استعمال کیا جائے تو ہم ایک اچھی گورننس دے سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج تگڑا ادارہ ہے، اس کی ضرورت تو پڑنی ہے، اگر ملک میں انصاف قائم نہیں ہوا تو ملک ختم ہوجائےگا۔
انہوں نے مزیدکہا کہ کیا وہ ناانصافی کو اس لیے قبول کرلیں کہ اسٹیبلشمنٹ ناراض ہوجائےگی، پی ڈی ایم یا اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنی ہو تو صدر مملکت ہی کرتے ہیں، میرا کسی سے رابطہ نہیں۔