آئی ایم ایف نے حکومت سے پیٹرولیم لیوی شارٹ فال پورا کرنیکا پلان مانگ لیا
بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے حکومت سے پیٹرولیم لیوی پر 300 ارب روپے کے شارٹ فال کو پورا کرنے کا پلان مانگ لیا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے دوران 300 ارب روپے پیٹرولیم لیوی کے شارٹ فال کا خدشہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی ایم ایف نے لیوی کی مد میں 300 ارب کے شارٹ فال کو پورا کرنے کا پلان مانگ لیا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ 850 ارب روپے لیوی کی مد میں حاصل کرنے کا معاہدہ طے پایا تھا اور پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کا یہ ہدف حاصل نہ ہونے کا خدشہ ہے۔
وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف کو لیوی کی مد میں شارٹ فال پورا کرنے کا پلان نہیں دیا اور اپنے جواب میں کہا کہ 50 ارب تک کا لیوی شارٹ فال ہوسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں کمی کے باعث لیوی کی مد میں شارٹ فال ہوسکتا ہے جسے پورا کرنے کےلیے مختلف ذرائع سے وصولیوں کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔