وزیراعلیٰ پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ لیتے ہی پنجاب اسمبلی توڑ دیں گے: سینیٹر کامل آغا
مسلم لیگ ق کے رہنما سینیٹر کامل علی آغا کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی 11 جنوری سے پہلے اعتماد کا ووٹ لیں گے اور اعتماد کا ووٹ لیتے ہی صوبائی اسمبلی کو تحلیل کر دیں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ 11 جنوری کی اگلی عدالتی سماعت سے پہلے پرویز الہٰی اعتماد کا ووٹ لے لیں گے۔ کامل علی آغا نے کہا کہ 11 جنوری سے پہلے ان کے بندے پورے ہو جائیں گے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے لیے چیف سیکرٹری پر دباؤ تھا، رات تک چیف سیکرٹری کی رائے تھی کہ وزیراعلیٰ کو ہٹانے کا نوٹیفکیشن غیر آئینی ہو گا، پھر ضرور کوئی دباؤ آیا جس کے بعد چیف سیکرٹری نے نوٹیفکیشن پر دستخط کر دیے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہٹانے کا گورنر بلیغ الرحمان کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے وزیراعلیٰ اور صوبائی کابینہ کو بحال کر دیا تھا اور انہیں 11 جنوری تک اسمبلیاں نہ توڑنے کا حکم دیتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے تھے۔