مبینہ بیٹی چھپانے کا معاملہ، نااہلی کیس میں عمران کے وکیل کو جواب جمع کرانے کی مہلت
اسلام آباد ہائیکورٹ نے مبینہ بیٹی کوکاغذات میں ظاہرنہ کرنے پر عمران خان کے وکیل کو تحریری جواب جمع کروانے کی مہلت دے دی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے مبینہ بیٹی کوکاغذات میں ظاہرنہ کرنے پرعمران خان کے خلاف نااہلی کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے سلمان اکرم راجہ، اظہر صدیق اور ابوذر سلمان نیازی عدالت میں پیش ہوئے جب کہ الیکشن کمیشن کے وکیل بھی عدالت میں موجود تھے۔
دورانِ سماعت عمران خان کے وکیل نے کہا کہ ٹیریان کےمعاملے پرپہلے ہی فیصلہ ہوچکا ہے اس پر عدالت نے کہا کہ آپ اس سے متعلق اپنا جواب جمع کرادیں۔ عدالت نے کہا کہ عمران خان کے وکیل کا وکالت نامہ آگیا، انہیں جواب کے لیے وقت دے رہے ہیں۔
اس موقع پر وکیل الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ کئی بار پہلے ہمارے پاس آچکا اور درخواستیں مسترد ہوتی رہیں۔ بعد ازاں عدالت نے عمران خان کے وکیل کو تحریری جواب جمع کرانے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 19 جنوری تک ملتوی کردی۔