پوری دنیا 18 دسمبر کو انٹرنیٹ پر ایک ہی چیز سرچ کرتی رہی، گوگل سی ای او
گوگل دنیا کا مقبول ترین انٹرنیٹ سرچ انجن ہے جس پر ہر سیکنڈ 99 ہزار سے زیادہ جبکہ دن بھر میں 9 ارب کے قریب سرچز کی جاتی ہیں۔ مگر فیفا ورلڈکپ 2022 کے فائنل نے گوگل کی تاریخ کے تمام انٹرنیٹ سرچیز کے ریکارڈز توڑ دیے۔ یہ انکشاف گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے ایک ٹوئٹ میں کیا۔
انہوں نے ٹوئٹ میں بتایا کہ ارجنٹینا اور فرانس کے درمیان کھیلے جانے فائنل گوگل سرچ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹریفک والا دن ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 25 سال کے دوران سب سے زیادہ ٹریفک 18 دسمبر کو ریکارڈ کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ پوری دنیا انٹرنیٹ پر بس ایک ہی چیز کو سرچ کررہی ہے۔
گوگل کے سی ای او نے ورلڈکپ فائنل کو عظیم ترین مقابلوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے ارجنٹینا اور فرانس دونوں کو سراہا۔
خیال رہے کہ فٹبال ورلڈکپ فائنل میں میسی کی ٹیم نے دفاعی چیمپئن فرانس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینالٹی ککس پر شکست دی۔ پہلی بار عرب دنیا میں فٹ بال ورلڈ کپ کا انعقاد ہوا،ایونٹ شروع ہونے سے پہلے قطر پر جتنے تحفظات ظاہر کیے گئے ، قطر کی میزبانی اس سے کہیں زيادہ اچھی اور معیاری ثابت ہوئی۔