اسمبلیاں تحلیل کرنے کیلئے تاریخ نہیں ہمت کی ضرورت ہے: مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے کی ڈیڈلائن پر ردعمل میں کہا ہے کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کیلئے تاریخ نہیں ہمت کی ضرورت ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ اقتدار ختم ہونے کے دکھ میں عمران خان ذہنی مریض بن گئے ہیں، عمران خان کاکھانا پینا دواسمبلیوں سے جڑا ہوا ہے، خیبر پختونخوا اور پنجاب اسمبلی سے لوٹ مار کا کام جاری ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ عمران خان جانتے تھے اقتدار جائے گا تو ان کی چوری سامنے آئے گی، عمران خان کا شور صرف اپنی چوری چھپانے کےلیے ہے، انہیں جمہوریت اور عوام سے کوئی سروکار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرجنرل (ر) باجوہ نے این آر او ٹو دیا تو پھر آپ نے ان کو توسیع کیوں دی تھی؟ آپ کے پاس اختیار نہیں تھا تو آج نوٹنکی کیوں کررہے ہیں اس وقت بتاتے، اگرقمر جاوید باجوہ کام نہیں کرنے دے رہے تھے تو اس وقت اسمبلیاں توڑتے، وہ بات نہیں مان رہے تھے انہیں بند کمرے میں توسیع کی پیشکش کیوں کی؟
مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ عمران خان نے سی پیک اور خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا، عمران خان نے سیاسی انتقام کا پورا منصوبہ بنایا ہوا تھا اورملک کو دیوالیہ کرنے کا پورا بندوبست کر لیا تھا، عمران خان نے ملک کی ترقی اور بیرونی سرمایہ کاری روک دی لیکن اتحادی حکومت نے ملک کی معیشت کو سنبھالا۔ ان کا کہنا تھاکہ عمران خان کے پاس اپنی کرپشن اور چوری کا کوئی جواب نہیں، ان کی وجہ سے آج عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہےہیں، عمران خان شور کر کے پاکستان کے عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتا۔