ترکیہ میں علی الصبح کار بم دھماکا،8 پولیس اہلکار زخمی
ترکیہ میں کار میں ہونے والے بم دھماکے میں 8 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق دھماکا جمعہ کی علی الصبح ترکیہ کے جنوب مشرقی صوبے دیارباقر میں ہوا جس کے نتیجے میں اب تک 8 پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام کا کہنا ہےکہ سڑک کنارے کھڑی گاڑی میں بم نصب تھا، گاڑی میں صبح 5 بجے کے قریب دھماکا ہوا جس کی زد میں قریب سے گزرنے والی پولیس وین بھی آئی۔
صوبائی گورنر کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ دھماکے کے نتیجے میں کوئی شدید زخمی نہیں ہوا تاہم پولیس کی بس میں سوار 9 سکیورٹی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ترک وزیر داخلہ کا کہنا ہےکہ دھماکے کے بعد دو مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن پر دھماکے کی سہولت کاری کا شبہ ہے۔