شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر خودکش حملہ: پاک فوج کا حوالدار اور شہری شہید
شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں ہونے والے خودکش حملے میں پاک فوج کا حوالدار اور ایک شہری شہید ہو گئے۔ شمالی وزیرستان کے ہیڈکوارٹر میرانشاہ کے بازار میں موٹر سائیکل سوار خود کش حملہ آور نے خود کو سکیورٹی فورسز کی گاڑی سے ٹکرا دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش دھماکے میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی بھی ہوئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فرحان خان کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میرانشاہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے میں شہید ہونے والے حوالدار محمد امیر کی عمر 30 برس تھی اور ان کا تعلق میانوالی سے تھا۔ شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق واقعے کے بعد فورسز نے علاقےکو گھیرے میں لےکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔