ڈالر ،گندم اور فرٹیلائزر کی پڑوسی ملک اسمگلنگ کیخلاف ایکشن لیا ہے: اسحاق ڈار
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا، پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا خواب عمران خان کے ساتھ قبر تک تو جائے گا لیکن انشاء اللہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں اسحاق ڈار بولے کہ ڈالر ،گندم اور فرٹیلائزر پڑوسی ملک اسمگل ہورہا ہے، اسمگلنگ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر گذشتہ 48 گھنٹوں میں ایکشن لیا ہے، جلد فرق نظر آئے گا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران خان نے ملکی تاریخ کا ریکارڈ قرضہ لیا، ان کا کوئی ڈسپلن نہیں تھا کوئی تیاری نہیں تھی، جاتے جاتے لینڈ مائن بچھا گئے، اپنے وعدے پورےنہیں کیے، یہ حکومت میں رہ جاتے تو چندمہینوں بعد پاکستان پوائنٹ آف نو ریٹرن پر آجاتا، ہم نےسیاست کے اوپر ریاست کو ترجیح دی۔