چین فلسطینی عوام کیساتھ ہمیشہ کھڑاہے، چینی صدر کی گفتگو
چین کے صدر شی جن پنگ نے فلسطینی صدر محمود عباس سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ملاقات کی ہے۔ چینی صدر ان دنوں سعودی عرب کے تاریخی دورے پر موجود ہیں۔ شی جن پنگ نے فلسطین کے صدر محمود عباس سے سعودی دارالحکومت ریاض میں ملاقات کی۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے چینی صدر کا کہنا تھاکہ چین اورفلسطین دیرینہ دوست ہیں اور چین فلسطینی عوام کےساتھ ہمیشہ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا پرامن اور عادلانہ حل مشرق وسطیٰ میں امن واستحکام کا ضامن ہے اور مسئلہ فلسطین نے انسانیت اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔
چینی صدر کا کہنا تھاکہ مسئلہ فلسطین دو ریاستی حل اور زمین کے بدلے امن سے جڑا ہوا ہے، چین 1967 کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست جس کا دار الحکومت بیت المقدس ہو کے قیام کی حمایت کرتا آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اسلاموفوبیا اور دہشت گردی کو کسی مذہب یا رنگ ونسل سے جوڑنے کو مسترد کرتا ہے۔ شی جن پنگ کا کہنا تھاکہ چین اورخلیجی ممالک عربی اورچینی زبانوں کی تعلیم کیلئے اقدامات کریں گے، چین اورخلیجی ممالک نے ٹیکنالوجی اورڈیجیٹل شعبوں میں تعاون بڑھانے پراتفاق کیا۔
فلسطینی صدر نے غیر متزلزل حمایت پرچین کا شکریہ ادا کیا اورکہاکہ فلسطینی عوام کو چین سے تعلقات پر فخر ہے، چین نے ہمیشہ فلسطینی عوام کی مضبوطی سے حمایت کی ہے، فلسطین بھی ون چائنا پالیسی کی حمایت کرتا ہے۔