گیس کی قلت، شہری مہنگی ایل پی جی اور لکڑی استعمال کرنے پر مجبور
ملک کے کئی شہروں میں گیس کی قلت کے باعث شہری مہنگی ایل پی جی اور لکڑی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بچے صبح ناشتہ کیے بغیر اسکول جاتے ہیں جبکہ بڑے بھی بھوکے پیٹ کام پر چلے جاتے ہیں۔ شہریوں کا شکوہ ہے کہ صبح، دوپہر اور شام ہوٹل سے مہنگا کھانا کیسے منگوائیں؟ یہی نہیں شہریوں کی جانب سے حکومت سے گیس فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیاگیا ہے۔
واضح رہے کہ سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں گیس ناپید ہوگئی ہے۔ کراچی، حیدرآباد، ملتان، پشاور اور راولپنڈی میں گیس کی شدید لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہری پریشان ہیں جبکہ ایل پی جی اور لکڑی کی مانگ بھی بڑھ گئی ہے۔