مستقبل میں آئی فون کی جگہ لینے والی ایپل کی نئی ڈیوائس تاخیر کا شکار
ایپل کی جانب سے 2023 میں کمپنی کے پہلے مکسڈ رئیلٹی ہیڈ سیٹ کو متعارف کرانے کی تیاری کی جارہی ہے۔ مگر ایک نئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایپل کی نئی ڈیوائس تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔
تجزیہ کار منگ چی کیو کے مطابق ایپل کی جانب سے مکسڈ رئیلٹی ہیڈسیٹ کو 2023 کی پہلی سہ ماہی کے دوران متعارف کرائے جانے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔
مگر پرزہ جات کی قلت کے باعث اب یہ ڈیوائس 2023 کی آخری ششماہی کے دوران متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق پہلے ایپل کی جانب سے 8 سے 12 لاکھ ڈیوائسز کو تیار کیا جانا تھا مگر اب یہ تعداد 5 لاکھ کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ایپل کی جانب سے مکسڈ رئیلٹی ہیڈسیٹ پر کافی عرصے سے کام کیا جارہا ہے جس کی قیمت 2 سے 3 ہزار ڈالرز کے درمیان ہوسکتی ہے۔ اس ہیڈسیٹ کے اندر اور باہر 10 کیمرے نصب ہوں گے اور ڈسپلے کا ریزولوشن بہت زبردست ہوگا۔ آنے والے برسوں میں اس کو آئی فون کا متبادل بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ایپل کا مقصد 10 برسوں اے آر کو آئی فون کی جگہ دینا ہے۔