23 مارچ تجدید عہدِ وفا کا دن، ملک کی فضائیں “پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھیں
اسلام آباد: ملک بھر میں آج یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہاہے۔
یوم پاکستان کے موقع پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب بھی منعقد ہوئی۔
یومِ پاکستان کی مناسبت سے مرکزی پریڈ ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی صدر آصف علی زرداری تھے، وزیراعظم شہباز شریف، مسلح افواج کے سربراہان، غیر ملکی سفیر اور وفاقی وزراء بھی پریڈ میں شریک تھے۔
آرمی، نیوی اور فضائیہ کے دستوں کا مارچ پاسٹ ، جدید ترین جے ٹین سی کی فارمیشن نے لینیئرز بوم برسٹ ز کا مظاہرہ کیا ، جے ایف سیونٹین تھنڈر، ایف سولہ اور میراج طیاروں نے بھی فلائی پاسٹ کیا ، پاک فضائیہ کی شیردل فارمیشن نے فضا میں قومی پرچم کے رنگ بکھیرے ، آرمی اسکول آف میوزک کے پائپ اینڈ پرکشن بینڈ نے فضا میں زبردست دھنیں بکھیریں۔
صدر، وزیراعظم، وزیر دفاع، مسلح افواج کے سربراہان سمیت تقریب میں شریک مہمانِ خصوصی صدر مملکت آصف علی زرداری نے پریڈ کا معائنہ کیا۔
قبل ازیں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو یوم پاکستان کی مبارک باد بھی دی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بہادر مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع میں بڑی قربانیاں دے رہی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ ایک برس میں ہم نے پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا، قومی اتحاد سے ہم معاشی خوشحالی حاصل کر سکتے ہیں، وطن کی حفاظت میں جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو سلام ہے۔