پاکستانی طالبعلم نے ایم بی بی ایس میں 29 گولڈ میڈل لیکر ریکارڈ قائم کر دیا
بلا شبہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اور اگر کسی چیز کی لگن اور جستجو ہو تو دنیا کی کوئی بھی طاقت آپ کو اس مشن سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی۔ ایسا ہی ایک کارنامہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے حافظ محمد ولید ملک نے ایم بی بی ایس کی تعلیم کے دوران 29 گولڈ میڈل حاصل کر کے سر انجام دیا۔
میڈیکل کی تعلیم کے دوران گولڈ میڈل حاصل کرنے کے لیے طالبعلم کو 85 فیصد سے زائد نمبر یا کلاس میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنا ہوتے ہیں۔
حافظ محمد ولید ملک نے ایم بی بی ایس کی تعلیم کے دوران 29 گولڈ میڈل حاصل کر کے ناصرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ایک ریکارڈ قائم کیا۔ اس حوالے سے ورلڈ ریکارڈ ہولڈر گولڈ میڈلسٹ ولید ملک کا کہنا تھا کہ جب ایم بی بی ایس میں داخلہ لیا تو ابتدا میں تھوڑی مشکلات پیش آئیں لیکن پھر سخت محنت کی جس کے باعث کامیابیاں نصیب ہوئیں۔ حافظ ولید ملک سے قبل یہ اعزاز کنگز ایڈورڈز میڈیکل کالج کی طالبہ کے پاس تھا جنہوں نے ڈاکٹریٹ کی تعلیم کے دوران 23گولڈ میڈل حاصل کیے تھے۔ اس کے علاوہ میڈیکل کے ایک اور طالبعلم ڈاکٹر شہزاد نے بھی 21گولڈ میڈل حاصل کر کے اپنے والدین اور ملک کا نام روشن کیا۔