وفاقی سرکاری ملازمین کے بجٹ تخمینوں پر کام شروع، فالتو آسامیاں ختم کی جائیں گی

اسلام آباد: وزارت خزانہ نے آئندہ مالی سال کے لیے وفاقی سرکاری ملازمین کے بجٹ تخمینوں پر کام شروع کردیا۔

جنگ اور دی نیوز میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ نے واضح کردیا ہے کہ تمام فالتو آسامیاں ختم کی جائیں گی اور نئی آسامیوں پر تخلیق پر پابندی ہوگی۔

وزارت خزانہ نے تمام وزارتوں، ڈویژنوں اور محکموں کو ہدایت جاری کردی ہیں اور آسامیوں کی تفصیلات 6  جنوری تک طلب کرلی ہیں۔

فنانس ڈویژن نے مراسلے میں ہدایت کی ہے کہ کسی بھی وزارت یا محکمے میں نئی آسامیوں کی اجازت نہیں ہوگی، نئی آسامیوں کی تخلیق وزارت خزانہ سے پیشگی منظوری سے مشروط ہوگی۔

 وزارت خزانہ نے 31 جنوری 2025 تک منظور شدہ آسامیوں کا ڈیٹا مانگا ہے جب کہ وزارت خزانہ نے 3 سال سے زائد عرصے سے خالی تمام آسامیوں کی نشاندہی کرنے اور انہیں ختم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *