وہ خفیہ ٹِرک جو آپ کے گھر میں وائی فائی انٹرنیٹ اسپیڈ کو تیز کردے گی
گھر پر کمپیوٹر پر کام کررہے ہیں، ٹی وی پر آن لائن فلمیں یا ڈرامے دیکھ رہے ہیں یا کچھ اسٹریم کررہے ہیں۔
ہر کام کے لیے انٹرنیٹ کی اچھی اسپیڈ کی ضرورت ہوتی ہے اور موجودہ عہد میں اب زیادہ تر انٹرنیٹ تک رسائی کے لیے وائی فائی نیٹ ورکس پر انحصار کیا جاتا ہے۔
مگر اکثر وائی فائی انٹرنیٹ کی رفتار اتنی کم ہوتی ہے کہ ٹھنڈے مزاج کا فرد بھی چڑچڑا ہوجاتا ہے۔
یہ کہنے کی ضرورت نہیں آج کل انٹرنیٹ زندگی کی ضرورت بن چکی ہے تو وائی فائی کی رفتار کم محسوس ہوتی ہے تو ایک خفیہ ٹِرک سے آپ اسے تیز کرسکتے ہیں۔
بس اپنے راؤٹر کی پوزیشن بدل دیں اور بس۔
جی ہاں واقعی کئی بار اس ڈیوائس کی جگہ بدل دینے سے انٹرنیٹ اسپیڈ کافی بہتر ہو جاتی ہے۔
اس سے ہٹ کر بھی راؤٹر سے متعلق مختلف ٹِرکس کو آزما کر بھی آپ وائی فائی اسپیڈ کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
اپنے گھر کے لیے درست راؤٹر کا انتخاب کریں
تمام راؤٹرز ایک جیسے نہیں ہوتے اور وائرلیس اسپیڈ کتنی تیز ہوگی، اکثر اس کا انحصار گھر کے حجم اور ڈیزائن پر ہوتا ہے۔
چھوٹے گھروں اور اپارٹمنٹس (1500 اسکوائر فٹ سے چھوٹے) میں ایک راؤٹر کافی ہوتا ہے۔
اگر آپ کا راؤٹر کئی سال پرانا ہے تو اسے وائی فائی 6 سپورٹ کرنے والے ماڈل سے اپ گریڈ کر دیں۔
یہ وائی فائی ٹیکنالوجی کا تازہ ترین ورژن تو نہیں ، مگر پھر بھی یہ کافی نیا ہے اور اس سے زیادہ تیز وائرلیس اسپیڈ اور بہتر کوریج ملتی ہے۔
بڑے اور کئی منزلوں پر مشتمل گھروں کے لیے متعدد راؤٹرز پر مشتمل mesh نیٹ ورک استعمال کرنے پر غور کریں تاکہ پورے گھر تک انٹرنیٹ کوریج ممکن ہوسکے۔
درست مقام کا انتخاب بھی ضروری ہے
راؤٹرز کی جانب سے ہر سمت میں سگنل بھیجے جاتے ہیں اور اگر آپ اسے اپنے گھر کے بائیں یا دائیں کونے میں لگا دیں گے تو ایک سمت میں وائرلیس کوریج سے محروم ہو جائیں گے۔
یہی وجہ ہے کہ راؤٹر کو گھر کے وسط میں نصب کرنا بہترین اسپیڈ اور نیٹ ورک سکیورٹی کے لیے بہترین ہوتا ہے۔
اسے اونچی جگہ پر رکھیں
راؤٹرز کی جانب سے مضبوط سگنلز کو نیچے کی جانب بھیجا جاتا ہے تو بہتر یہ ہے کہ اسے جتنی اونچی جگہ پر لگایا جاسکتا ہے، وہاں لگائیں تاکہ بہترین کوریج مل سکے۔
کسی الماری کے اوپر یا دیوار کے اوپری حصے میں اسے لگانا بہتر ہوتا ہے۔
ڈیوائسز سے دور رکھیں
ایسی جگہ کا انتخاب کریں جہاں سے راؤٹر دیگر الیکٹرونکس ڈیوائسز اور بڑی دھاتی اشیا سے دور رہے۔
راؤٹر کے قریب الیکٹرونکس ڈیوائسز، بڑی رکاوٹیں یا دیوار سے اس کے سگنل کی مضبوطی متاثر ہوتی ہے۔
سب سے عام وائرلیس ٹیکنالوجی 802.11 (وائرلیس جی) 2.4 گیگا ہرٹز فریکوئنسی پر کام کرتی ہے، متعدد وائرلیس مصنوعات جیسے مائیکرو ویو اوون کی فریکوئنسی بھی یہی ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں ڈیوائس اور راؤٹر کے درمیان مداخلت ہوتی ہے۔
اسی طرح راؤٹر کو کسی بڑے ٹیلی ویژن کے پیچھے لگانے سے بھی گریز کریں کیونکہ اس سے بھی اس کے سگنل بلاک یا متاثر ہوسکتے ہیں۔
وائی فائی انٹینا کے رخ پر توجہ مرکوز کریں
کچھ راؤٹرز میں انٹینے نہیں ہوتے جبکہ کچھ میں 8 انٹینے ہوتے ہیں۔
یہ انٹینا سگنل کی سمت میں مدد فراہم کرتے ہیں اور اگر آپ کے راؤٹر میں 2 یا اس سے زائد انٹینا موجود ہیں تو ان کا رخ ایک ہی جانب کرنے سے گریز کریں۔
اگر 2 انٹینا ہیں تو ان کا رخ ایک دوسرے سے مختلف رکھیں تاکہ وہ زیادہ بڑے اینگلز پر سگنلز بھیج سکیں۔