شیخ وقاص کی بلاول اور خواجہ آصف پر کڑی تنقید، سیاسی مداری قرار دیدیا

اسلام آباد: تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ناراض سیاسی بچہ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ زرداری اور شریف خاندانوں کا سیاسی خاتمہ قریب ہے۔

وزیردفاع خواجہ آصف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے شیخ وقاص اکرم کا کہناتھاکہ یہ سیاسی مداری اندرون خانہ اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ عمران خان ہی پاکستان کی واحد سیاسی حقیقت ہے جس نے ملکی ترقی کیلئے اپنے سکون وآرام کی قربانی دی۔

انہوں نے میڈیا کوریج اور عوامی توجہ حاصل کرنے کیلئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہدف تنقید بنانے والوں کو نوازشریف اور آصف زرداری کا درباری اورسیاسی مداری قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان عالمی سطح کے رہنما ہیں جبکہ ان کے نقاد محض اپنے آقاؤں کے پیادے ہیں جن کا کام بلاجواز تنقید کرنا ہے کیونکہ شریف اور زرداری جیسے کرپٹ اور پرانے سیاسی خاندانوں کا سیاسی خاتمہ قریب ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیاکہ اقتدار کے لالچی افراد کا یہ اتحاد ملکی مفادات کیلئے نہیں بلکہ عمران خان کو سیاسی منظر نامے سے باہر کرنے کیلئے ہے تاہم ان کا یہ مذموم منصوبہ الٹا پڑگیا اور وہ بانی پی ٹی آئی کو سائیڈ لائن کرنے میں ناکام ہوگئے۔

شیخ وقاص اکرم نے بلاول بھٹو زرداری کو ناراض سیاسی بچہ قرار دیتے ہوئے مشورہ دیاکہ وہ عمران خان جیسے عالمی رہنماکی بجائے اپنی سطح کے سیاسی لیڈران کے ساتھ بحث پر توجہ مرکوز رکھیں، بدقسمتی سے زرداری کی تاریخ رہی ہے کہ وہ اپنے سیاسی طور پر ناپختہ نوجوان بیٹے کومسلم لیگ (ن) پر دباؤ ڈالنے کے لئے استعمال کرتے ہیں تاکہ شریفوں کو نشانہ بنا کر مذاکرات میں فائدہ اٹھایا جاسکے۔

انہوں نے ریمارکس دیے کہ عمران خان نے زرداری اور شریف کے برعکس کبھی بھی سودے بازی کیلئے غیر ملکی مداخلت پر انحصار نہیں کیا جنہوں نے ملک کو تباہی کی حالت میں چھوڑا اور جیلوں سے بچنے اور باہر باہر نکلنے کیلئے مذاکرات کئے۔

سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے خواجہ آصف کو انتہائی مضحکہ خیز سیاستدان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے سلطان محمود غزنوی کے بارے میں تبصروں نے پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر مسلسل شرمندہ کیا حالانکہ وہ وزیر دفاع اور وزیر خارجہ جیسے اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔

شیخ وقاص اکرم نے خواجہ آصف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اور آپ کے ساتھی برسوں سے یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ عمران خان فوج کاپراجیکٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *