عمران اسرائیلی اثاثہ ہے جس کے ذریعے وہ واحد مسلمان ایٹمی قوت کو سر نِگوں کرنا چاہتے ہیں: خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ آپریشن گولڈ اسمتھ کے ریکروٹ بانی ٹی آئی عمران خان کی نجات کے لیے مہم چلا رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد ایلچی رچرڈ گرینل کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے لیے مغرب سے آواز اٹھانے والوں پر واضح ہونا چاہیے کہ پاکستانی قوم اپنے مفادات کا تحفظ کرنا جانتی ہے، ہماری اول و آخر ترجیح صرف اور صرف پاکستان ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرنے والے عناصر کو اسرائیل کی بھرپور حمایت حاصل ہے، اس سے صاف ظاہر ہوتا ہےکہ بانی پی ٹی آئی اسرائیلی اثاثہ ہے، بانی پی ٹی آئی کے ذریعے وہ واحد مسلمان ایٹمی قوت کو خدا نخواستہ سر نِگوں کرنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب ن لیگ کے سینیٹر طلال چوہدری نے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے حکومت ٹرمپ انتظامیہ کے بیانات سے کوئی دباؤ محسوس نہیں کر رہی، جب یہ لوگ حکومتی نمائندے کے طور پر بات کریں گے تو پاکستانی حکومت بھی جواب دے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کیسی بات ہے پہلے امریکا بانی پی ٹی آئی کو آزادی دلوائے گا اور پھر بانی پی ٹی آئی قوم کو امریکا سے آزاد کروائیں گے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ کرنےوالے رچرڈگرینل نے ابھی تک اپنا منصب نہیں سنبھالا، جب وہ عہدہ سنبھالیں گے تو انہیں اپنی پوری انتظامیہ سے بات کرنا پڑےگی۔
حسین حقانی نے کہا کہ اس وقت انہیں بتایا جائےگاکہ ماضی میں بانی پی ٹی آئی اوراُن کے حامی امریکا کے خلاف بیانات دیتے رہے ہیں، وہ امریکاکے کسی مفاد کے نہیں ہیں۔