ایکس (ٹوئٹر) کو مفت استعمال کرنے والے صارفین کو اے آئی چیٹ بوٹ گروک تک رسائی دیدی گئی
اگر آپ کچھ بیزاری محسوس کر رہے ہیں اور ایکس (ٹوئٹر) تک رسائی حاصل ہے تو وہاں اب آپ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو تفریح کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
جی ہاں ایکس کا اے آئی چیٹ بوٹ گروک 2 اب ان تمام صارفین کو دستیاب ہے جو اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو مفت استعمال کر رہے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے اس کا عندیہ نومبر 2024 میں دیا گیا تھا اور اب اب اسے باضابطہ طور پر ایکس کے مفت صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل گروک تک رسائی ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین تک محدود تھی۔
ایکس کو مفت استعمال کرنے والے صارفین گروک کو ہر 2 گھنٹے میں صرف 10 میسجز کرسکیں گے۔
اسی طرح مفت صارفین کے لیے تصاویر کا تجزیہ کرانا بھی ممکن ہوگا مگر اس کی بھی حد ہے۔
وہ دن بھر میں ایسی 3 درخواستیں کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ گروک اس وقت سب سے ایڈوانسڈ اے آئی چیٹ بوٹ نہیں۔
تمام اے آئی چیٹ بوٹس سے غلطیاں ہونے کا امکان ہوتا ہے مگر گروک اس معاملے میں زیادہ بدتر تصور کیا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ ایلون مسک کی کمپنی ایکس اے آئی نے گروک 2 ماڈل اگست 2024 میں متعارف کرایا تھا جو تصاویر تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ستمبر 2024 میں کمپنی کی جانب سے اس ماڈل کو تصاویر کا تجزیہ کرنے کی صلاحیت سے لیس کیا گیا تھا۔
اب تک یہ فیچرز صرف ایکس پریمیئم اور پریمیئم پلس صارفین کو دستیاب تھے مگر اب تمام افراد انہیں استعمال کرسکیں گے۔
اس کا ممکنہ مقصد گروک صارفین کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے تاکہ فیڈ بیک سے اس اے آئی چیٹ بوٹ کو بہتر بنانے میں مدد مل سکے۔