اسلحہ رکھنے کا کیس: جو بائیڈن نے جاتے جاتے اپنے بیٹے کا جرم معاف کردیا

واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے بیٹے ہنٹر بائیڈن کو نشے کی حالت میں اسلحہ خریدنے کے کیس میں معافی دینے کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے نشے کی حالت میں اسلحہ خریدنے، غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے اور ٹیکس فراڈ کے الزام میں مجرم قرار دیے گئے اپنے بیٹے کو صدارتی معافی دیدی۔

 ولمنگٹن کی عدالت نے رواں سال جون میں ہنٹر بائیڈن کے خلاف 2018 میں نشے کی حالت میں اسلحہ خریدنے اور اس سے متعلق غلط بیانی کرنے کے تینوں الزامات درست قرار دیے تھے۔

صدر بائیڈن کے بیٹے پر ایک اور الزام ٹیکس فراڈ اور ریٹرن فائل نہ کرنے سے متعلق بھی تھا جس میں ہنٹر بائیڈن نے اعتراف جرم بھی کیا تھا۔

ہنٹر بائیڈن پر 9 الزامات تھے اور انہوں نے تمام الزامات میں اعتراف جرم کیا تھا جس پر جج نے انہیں خبردار کیا کہ اس پر انہیں 17 سال قید اور 4 لاکھ 50 ہزار ڈالرز تک جرمانہ بھی ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ ان مقدمات میں حتمی سزا کا اعلان رواں ماہ (دسمبر) میں ہونا تھا مگر صدر بائیڈن نے اس سے قبل ہی اپنے بیٹے کو معافی دینے کا اعلان کردیا۔

اس سے قبل بیٹے کو مجرم قرار دیے جانے پر جو بائیڈن نے ردعمل میں کہا تھا کہ فیصلے کو قبول کرتا ہوں اورعدالتی عمل کا احترام جاری رکھوں گا جب کہ انہوں نے متعدد بار اپنے بیٹے کی سزا میں کمی کرنے یا معاف کرنے سے متعلق کہا تھا کہ وہ ایسا نہیں کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *