پی ٹی آئی احتجاج: کن کن شہروں میں موبائل سروس اور انٹرنیٹ بند ہے؟
پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج اور اسلام آباد کی جانب مارچ کے پیش نظر ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کہیں مکمل اور کہیں جزوی معطل ہے۔
جیو نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں موبائل سروس مکمل بحال ہے جبکہ دونوں شہروں میں ڈیٹا انٹرنیٹ سروس بند ہے۔
لاہور کےداخلی اورخارجی راستوں کے اطراف علاقوں میں موبائل سروس جزوی معطل ہے جبکہ کچھ علاقوں میں واٹس ایپ سروس بھی متاثر ہے۔
پنجاب کے دیگر شہروں کی بات کریں تو گوجرانوالہ، حافظ آباد، راجن پور، فیصل آباد، جہانیاں، وہاڑی میں انٹرنیٹ سروس کہیں معطل ہے اور کہیں انٹرنیٹ کی رفتار انتہائی سست ہے۔
خیبر پختونخوا میں موبائل فون سروس مکمل بحال ہے مگر پشاور، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹرنیٹ معطل ہے جبکہ کچھ علاقوں میں انٹرنیٹ سست روی کا شکار ہے۔
صوبہ سندھ کے دارالخلافہ کراچی میں بھی موبائل فون انٹرنیٹ سروس کے استعمال میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور شہریوں کی جانب سے ویڈیو اور آڈیو پیغام رسائی میں مشکلات کی شکایات سامنے آئی ہیں۔