ٹیکس ریونیو میں اضافہ: پنجاب میں ریسٹورینٹس، بیکریوں اور شادی ہالز کا ڈیٹا بنانے کی ہدایت

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کی آمدنی (ریونیو) میں اضافے کے لیے ریسٹورینٹس، بیکریوں اور میرج ہالز کا مستند ڈیٹا بنانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پہلی سہ ماہی کے ریونیو اہداف وصولی کا جائزہ لیا گیا اور مختلف محکموں کی ملکیتی اراضی کاریکارڈ طلب کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے  نے صوبے کے مالی وسائل بڑھانے کے لیے پلاننگ کی ہدایت کر تے ہوئے ریسٹورنٹس، بیکریوں اور میرج ہالز کا مستند ڈیٹا بنانے کی ہدایت کی جب کہ اس حوالے سے ریونیو اتھارٹی میں اسسٹنٹ کمشنرزاور دیگر افسران کو با اختیار کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

اجلاس میں مریم نواز نے سرکاری اراضی کے بہترین استعمال کے لیے پلان مرتب کرنےکی ہدایت کی اورپنجاب ریوینیو اتھارٹی کی صوبے کے مختلف اضلاع تک توسیع کی منظور بھی دی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام پر ٹیکس بڑھائے بغیر ریونیو کی وصولی میں اضافہ کیاجائے گا، ہدایت کی ہے ریونیو وصولی کے ٹارگٹ ہر صورت پورے کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتی ہوں مگر مالی وسائل زیاد ہ نہیں ہیں، جو بھی سرکاری خزانے میں جمع ہوگا پائی پائی عوام پر خرچ ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *