گنڈاپور نے اٹک پار کرکےچیلنج پورا کیا، عمران خان کی رہائی اب کوئی نہیں روک سکتا: بیرسٹر سیف
پشاور: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے تمام رکاوٹیں عبورکرکے پورا پنجاب اور لاہورگھوم کر اپنا چیلنج پورا کیا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ خواجہ آصف اور عطا تارڑ اٹک پار کرنے کی دھمکیاں دیتے تھے، وزیراعلی اٹک پار بھی گئے اور پورے لاہور اور پنجاب بھی گھومے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام تر رکاوٹوں کے باجود وزیراعلیٰ کے پی جلسہ گاہ پہنچے، جب گنڈاپور نے چیلنج پورا کیا تو جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کرکے راستہ روکا گیا اور مینڈیٹ چوروں نے گنڈاپور کے پہنچنے سے قبل ہی جلسہ ختم کروا دیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ کل پورا پاکستان بانی پی ٹی آئی کے لیے نکلا تھا، عمران خان کی رہائی کو اب کوئی بھی نہیں روک سکتا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں ہونے والے پی ٹی آئی جلسے کا مقرر وقت (6 بجے) ختم ہونے کے بعد پولیس نے جلسہ گاہ کی لائٹیں اور ساؤنڈ سسٹم بند کرکے رہنماؤں کو اسٹیج سے اتار دیا تھا اور علی امین جلسہ ختم ہونے کے بعد پنڈال میں پہنچے تھے۔