شکیل خان نے وزارت سے استعفیٰ کیوں دیا؟ سابق وزیر پختونخوا نے وجہ بتا دی
عہدے سے ہٹائے گئے خیبر پختونخوا کے وزیر شکیل خان نے اختلافات کی ہنڈیا بیچ چوراہے پر پھوڑ دی۔
اپنے بیان میں سابق صوبائی وزیر شکیل خان کا کہنا تھا خیبر پختونخوا میں لگتا نہیں کہ ہماری حکومت ہے، میں نے پہلے پرویز خٹک اور محمود خان کے کارناموں کو بھی بے نقاب کیا تھا، پہلے بھی مجھے وزارت سے نکالا گیا تھا، وقت نے ثابت کیا کہ کون سچا اور کون جھوٹا تھا۔
شکیل خان نے کہا کہ ہم صوبے میں ایک سیکرٹری تک تبدیل نہیں کر سکتے، نہ کوئی سیکرٹری کام کر رہا ہے، انھوں نے شکوہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے گڈ گورننس کمیٹی میں ایم این اے جنید اکبر خان کو بھی شامل کیا مگر لابی نے جنید اکبر کو کمیٹی سے نکلوا دیا اور اپنی مرضی کی کمیٹی بنا کر بانی پی ٹی آئی کو سب او کے کی رپورٹ دے دی گئی۔
سابق صوبائی وزیر کا کہنا تھا میں نے استعفیٰ دیا تاکہ ان کرپٹ عناصر کے خلاف کھل کر کھیل سکوں۔
یاد رہے کہ خیبر پختونخوا کے سابق وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس شکیل خان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا تاہم وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے اپنے بیان میں کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی منظوری سے بنائی گئی گڈ گورننس کمیٹی نے شکیل خان کی کارکردگی پر انہیں ہٹانے کی منظوری دی تھی۔
وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے کمیٹی کی سفارش پر شکیل خان سے وزارت واپس لیکر گورنر کو سمری بھیجی تھی جسے انہوں نے منظور کر لیا۔
اس حوالے سے گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا شکیل خان کو خیبر پختونخوا حکومت کی کرپشن بے نقاب کرنے پر وزارت سے ہٹایا گیا، انہیں ہٹانے کی سمری پر دستخط کر کے آئینی اور قانونی تقاضہ پورا کیا۔