حکومت کا کھیلوں سے وابستہ مختلف شخصیات کیلئے سول اعزازات کا اعلان
جشن آزادی کے موقع پر حکومت پاکستان نے کھیلوں کی دنیا سے وابستہ 7 معروف شخصیات کے لیے سول اعزازات کا اعلان کیا ہے، جس کی منظوری صدر مملکت نے دی ہے۔
یہ اعزازات ان کی کھیلوں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیے جا رہے ہیں۔
اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو ان کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا۔ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کیا تھا، جس پر انہیں یہ اعلیٰ اعزاز دیا جا رہا ہے۔
اسی طرح، مشہور کوہ پیماء مرحوم مراد سدپارہ کو ان کی کوہ پیمائی کی خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔
انہوں نے کئی بلند پہاڑوں کو سر کیا اور پاکستان کے کوہ پیمائی کے میدان میں اہم کردار ادا کیا۔ حال ہی میں انہوں نے کے ٹو سے مرحوم کوہ پیما حسن شگری کی میت واپس لانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ مراد سد پارا اگست کے آغاز میں براڈ پیک پر ایک حادثے کا شکار ہوکر جاں بحق ہوگئے تھے۔
بلائنڈ کرکٹر عامر اشفاق کو ان کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا جائے گا جبکہ پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ کو ان کی قیادت میں ٹیم کی نمایاں کارکردگی کے لیے تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔
اس کے علاوہ اسکواش کے سابق کھلاڑی مقصود احمد کو بھی تمغہ امتیاز دیا جائے گا۔ مقصود احمد دو مرتبہ ورلڈ ٹیم اسکواش چیمپئن شپ جیتنے والے اسکواڈ کا حصہ رہے اور دنیا کے ٹاپ 10 اسکواش کھلاڑیوں میں ان کا شمار رہا۔
آف روڈ ریلی کے مشہور ریسر نادر مگسی کو بھی تمغہ امتیاز دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان کی مہارت اور کامیابیاں آف روڈ ریلی کے میدان میں قابل تحسین ہیں۔ کبڈی کے کھلاڑی رحمن اشتیاق کو بھی ان کی کارکردگی کے اعتراف میں تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔
یہ اعزازات 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر مختلف تقاریب میں دیے جائیں گے ۔