شکایت موصول ہوئی تو وزیر اعلیٰ کو بھی طلب کریں گے، گڈ گورننس کمیٹی پختونخوا
خیبرپختونخوا میں بدعنوانی کی روک تھام کے لیے قائم گڈ گورننس کمیٹی کے رکن قاضی انور ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ شکایت ملنے پر کمیٹی وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کو بھی طلب کر سکتی ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے گڈ گورننس کمیٹی کے رکن قاضی انور ایڈوکیٹ نے کہا کہ سی اینڈ ڈبلیو کے وزیر شکیل احمد طلب کرنے پر پیش نہیں ہوئے جس پر صوبائی وزیر شکیل احمد نے کہا کہ فیملی کے ساتھ باہر جانے کے باعث پیش نہ ہو سکا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر شکیل احمد سے پیش نہ ہونے پر حلف لیا جائے گا، تحریری جواب بھی جمع کرائیں گے
قاضی انور ایڈوکیٹ کا کہنا تھا جس محکمے سے متعلق شکایات زیادہ ہیں پہلے اس کے وزیر کو بلا رہے ہیں، ہمارے پاس مختلف محکموں کے خلاف بہت ساری شکایات آئی ہیں، محکمہ صحت اور محکمہ خوراک کے وزراء کو بھی بلائیں گے۔
رکن گڈ گورننس کمیٹی نے مزید کہا کہ عام شہری بھی کسی محکمہ میں کرپشن یا اختیارات کے ناجائز استعمال کی نشاندہی کر سکتے ہیں، تفصیلی رپورٹ تیار کر کے بانی پی ٹی آئی کو جمع کریں گے، صوبے میں کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی کوئی گنجائش نہیں ہے، شکایت موصول ہونے پر وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کو بھی طلب کر سکتے ہیں۔